عثمانیہ ہاسپٹل کے سرجری ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرس کا ڈیوٹیز سے بائیکاٹ

,

   

حیدرآباد۔ حیدرآباد کے عثمانیہ ہاسپٹل کے جنرل سرجری ڈپارٹمنٹ کے تقریباً 120پی جی میڈیکوز اور 40ہاوز سرجنس جو مزید آپریشن تھیٹرس کا مطالبہ کررہے ہیں’ نے اپنی ڈیوٹی کا بائیکاٹ کیا۔ منگل کو تلنگانہ اسٹیٹ جونیر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے ان ڈاکٹرس کی نمائندگی کرتے ہوئے عثمانیہ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ناگیندر کو ہڑتال کی نوٹس دی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ ان کے مسائل اندرون48گھنٹے حل کئے جائیں بصورت دیگر ایمرجنسی ڈیوٹیز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ جنرل سرجری کے ڈاکٹرس ہاسپٹل میں سرجریز کے لئے مزید آپریشن تھیٹرس کا مطالبہ کررہے ہیں۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی قدیم ہیریٹیج عمارت جس کو حالیہ بارش کا پانی داخل ہونے کے بعد بند کردیا گیا ہے ’ میں جنرل سرجری ڈپارٹمنٹ کے 6آپریشن تھیٹرس تھے ۔عمارت کو خالی کرنے کے بعد جنرل سرجری کے شعبہ کو قلی قطب شاہ بلڈنگ منتقل کیا گیا اور موجودہ طور پر اس شعبہ میں صرف ایک ہی آپریشن تھیٹر ہے ۔جونیر ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے ارکان نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر اس ہاسپٹل میں تقریباً200ان پیشنٹس آتے ہیں جن کی سرجری کی ضرورت ہوتی ہے تاہم صرف ایک ہی آپریشن تھیٹر ہے ۔اس میں میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے آپریشن بھی کئے جاتے ہیں۔ انتظامیہ کو اس مسئلہ کو حل کرنا چاہئے ۔ تب تک ڈیوٹیز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔