حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی میں جاریہ تعلیمی سال (2020-22) سے انسٹی ٹیوٹ آف انڈو ۔ پسیفک اسٹڈیز کے قیام کی تجویز کے ساتھ اس یونیورسٹی میں ایک اور ادارہ کا اضافہ ہوگا۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے وائس چیرمین بی ونود کمار جنھوں نے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائر ایجوکیشن اور عثمانیہ یونیورسٹی کے عہدیداروں کی ایک ٹیم کی قیادت کی، کہاکہ اس تجویز پر سکریٹری وزارت خارجہ اُمور ڈی روی، جوائنٹ سکریٹری وشواس ویڈو سیکل اور وزات خارجی اُمور کے او ایس ڈی راج شیکھر کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس میں کئی باتوں کا احاطہ کیا گیا۔ ٹی ایس ایچ ای چیرمین پروفیسر لمبادری، وائس چیرمین پروفیسر وینکٹ رمنا، اور عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈی رویندر نے جو اس ٹیم میں شامل تھے، کہاکہ اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے عثمانیہ یونیورسٹی نہایت موزوں مقام ہے اور یہاں تعلیمی اور ریسرچ ادارے، کوالیفائیڈ فیکلٹی، ماہرین اور انفراسٹرکچر موجود ہے۔ دمو روی نے عثمانیہ یونیورسٹی میں اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے درکار مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا اور اس کے لئے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ یونیورسٹی کا منصوبہ ہے کہ اس انسٹی ٹیوٹ کو عثمانیہ یونیورسٹی سنٹر فار انٹرنیشنل پروگرامس (OUCIP) کی عمارت میں قائم کیا جائے تاکہ فیکلٹی ریسرچ اسکالرس اور طلبہ کو انٹرنیشنل ایکسپوژر فراہم ہو اور انڈو پسیفک خطہ میں طلبہ کے پلیسمنٹ کے لئے راہیں ہموار ہوں۔