حیدرآباد۔2۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ نان گزیٹڈ اسوسیشن اسٹاف کے انتخابات میں جناب عبدالقدیر خان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی میں تاریخ رقم کردی ہے۔ جناب عبدالقدیر خان کو گذشتہ ماہ کے اواخر میں ہوئے انتخابات کے دوران حاصل ہوئی شاندار کامیابی کے بعد انہوں نے وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ملوگورام سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے سرٹیفیکیٹ حاصل کیا اور یونیورسٹی کے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ باہمی تعاون کرتے ہوئے خدمات کا تیقن دیا۔ جناب عبدالقدیر خان کو جامعہ عثمانیہ نان گزیٹڈ اسوسیشن اسٹاف کا صدر منتخب کیاگیا ۔ ان کے اور مسٹر بی وینکٹیش کے پیانل نے ان انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد وائس چانسلر یونیورسٹی سے پہلی نمائندگی کرتے ہوئے جامعہ عثمانیہ کو 4 اکٹوبر کو تعطیل دینے کی درخواست کی تھی تاکہ مسلسل تعطیلات کے بعد 6 اکٹوبر سے دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوسکیں۔ وائس چانسلر نے نو منتخبہ اسوسیشن کی جانب سے کی گئی نمائندگی پر کاروائی کرتے ہوئے 4اکٹوبر کو بھی جامعہ عثمانیہ کو تعطیل کا اعلان کردیا ۔ جناب عبدالقدیر خان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یونیورسٹی کے ملازمین کے مسائل کے حل سے متعلق کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے نمائندگی اور جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ عثمانیہ کے ملازمین نے ان کے انتخاب کے ذریعہ جو تاریخ بنائی ہے وہ اپنے دور صدارت کے دوران اس کا بہترین بدل دینے کی کوشش کریں گے۔ جناب عبدالقدیر خان کو صدر اور بی وینکٹیش کو جنرل سیکریٹری منتخب کیاگیا ہے۔3