پروفیسر رویندر یادو نے وائس چانسلر عہدہ کا جائزہ لیا ، دیگر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس نے ذمہ داری سنبھالی
حیدرآباد: تلنگانہ کی 10 اسٹیٹ یونیورسٹیز کے 9 نامزد وائس چانسلرس میں بیشتر نے اپنے عہدہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے یونیورسٹیز کی کارکردگی بہتر بنانے اپنی ترجیحات پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے ۔ تدریسی شعبہ کے استحکام کے علاوہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور نئے کورسس کے آغاز پر توجہ دی جارہی ہے۔ ریاستی حکومت نے 11 یونیورسٹیز میں 1061 ٹیچنگ جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی ہے، ان میں عثمانیہ یونیورسٹی کے 415 عہدے شامل ہیں جن میں 294 اسسٹنٹ پروفیسر اور 121 اسوسی ایٹ پروفیسرس کیڈر کے عہدے شامل ہیں۔ پروفیسر رینک کا کوئی عہدہ مخلوعہ نہیں ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈی رویندر یادو کو ٹیچنگ اور ایڈمنسٹریشن میں وسیع تجربہ ہے اور وہ یونیورسٹی کی ترقی کے لئے 21 نکاتی منصوبہ پر عمل آوری کی تیاری کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر اور ہاسٹل سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا ۔ ہر شعبہ کے لئے علحدہ کمیٹی کے قیام کی تجویز ہے اور کمیٹی کی سفارشات کو اگزیکیٹیو کونسل سے منظوری حاصل کی جائے گی ۔ پروفیسر رویندر یادو نے کہا کہ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنائیں گے ۔ اسٹاف کے تقررات پر توجہ کی جائے گی ۔ گزشتہ دو سال سے زیر التواء تمام اہل اساتذہ کو پروموٹ کیا جائے گا ۔ مہاتما گاندھی یونیورسٹی نلگنڈہ کے وائس چانسلر پروفیسر گوپال ریڈی نے آج عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یونیورسٹی کے لئے تقررات کی اجازت دی ہے۔ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر آن لائین کلاسیس پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ تلگو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ٹی کشن راؤ نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ وہ یونیورسٹی کے مسائل پر اسٹاف سے تجاویز حاصل کریں گے ۔ یونیورسٹی میں ٹیچنگ اسٹاف کی کمی ہے۔ یونیورسٹی کے موجودہ کیمپس کو نئے کیمپس میں منتقل کرنے کو ترجیح دی جائے گی ۔ پروفیسر کے سیتا راما راؤ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔