عثمانیہ یونیورسٹی ڈگری امتحانات کو مسلسل ملتوی کرنے سے مشکلات

   

طلبہ میں تشویش، مختلف انٹرنس اور گروپ امتحانات میں رکاوٹ اہم وجہ

حیدرآباد۔2۔جولائی(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ میں امتحانات کا التواء معمول بنتا جا رہا ہے۔یونیورسٹی کے امتحانات بالخصوص ڈگری کے امتحانات کو باربار ملتوی کئے جانے کے سبب یونیورسٹی کا وقار متاثر ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ لاکھوں طلبہ جو ڈگری امتحانات تحریر کر رہے ہیں انہیں بار بار التواء کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بی ۔ اے ‘بی۔ ایس سی اور بی بی اے کے امتحانات کے متعدد مرتبہ التواء کے سبب طلبہ کے ساتھ ساتھ اولیائے طلبہ کو بھی کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جامعہ عثمانیہ کے کنٹرولر آف امتحانات سے اس سلسلہ میں دریافت کرنے کی کوششوں کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ امتحانات کے التواء کی کئی وجوہات ہیں جن میں مختلف انٹرنس ٹسٹ کا انعقاد اور گروپ امتحانات کی تیاریاں شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جامعہ عثمانیہ میں امتحانات کے التواء کے متعلق بیشتر خانگی کالجس جو جامعہ سے ملحقہ ہیں نے بھی طلبہ کی شکایات کے متعلق عہدیداروں کو واقف کروایا ہے لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ جامعہ عثمانیہ ریاست کی سرفہرست سرکردہ جامعات میں شمار کی جاتی ہے لیکن جامعہ عثمانیہ کے امتحانات میں بار بار التواء گذشتہ چند برسوں سے معمول کی بات بن چکی ہے۔ ڈگری امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ جو امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں ان کا کہناہے کہ امتحانا ت کے اچانک التواء سے ان کی محنت رائیگاں ہونے لگی ہے اور وہ اپنے نصاب پر توجہ دینے سے قاصر ہیں۔طلبہ کا کہناہے کہ تعلیم کے حصول کے دوران امتحانات کا التواء بالخصوص اس وقت تک امتحانات کا ملتوی کیا جانا کہ اگلے سمسٹر کا آغاز ہوجائے طلبہ کے لئے نہایت تکلیف دہ ہے۔ ڈگری کے طلبہ میں غیر مقیم ہندستانیوں کے بچے بھی شامل ہیں جو کہ اپنے بچوں کی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے جامعہ عثمانیہ کے ملحقہ کالجس میں داخلہ دلواتے ہیں ان طلبہ کے سرپرستوں اور والدین کو اپنے بچوں کے مستقبل کے متعلق اب فکر ہونے لگی ہے کیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے لمحہ آخر میں امتحانات کے التواء کا اعلامیہ جاری کردیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں دریافت کرنے پر کوئی جواب دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔م