جماعت اسلامی ہند کی مساعی، وی ہنمنت رائو نے ستائش کی
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے آج عثمانیہ یونیورسٹی کے اطراف غریب بستیوں میں جماعت اسلامی ہند عنبرپیٹ یونٹ کی جانب سے اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کے پروگرام میں حصہ لیا۔ عنبرپیٹ ڈیویژن جماعت اسلامی کے سکریٹری محمد عبدالرزاق اور ارکان محمد مشتاق اور محمد سمیع نے غریبوں میں اناج کی تقسیم کی نگرانی کی۔ اس موقع پر ہنمنت رائو نے جماعت اسلامی اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے غریبوں اور مستحقین کی امداد کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کورونا صورتحال پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ حالانکہ انہیں سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اپوزیشن کی رائے حاصل کرنی چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی تمام اپوزیشن قائدین، ریاستوں کے چیف منسٹرس، حتی کہ بعض علاقوں کے سرپنچوں سے بات چیت کررہے ہیں۔ ہنمنت رائو نے فنکشن ہالس میں غیر مقامی ورکرس کے لیے کیمپس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اگر حکومت کیمپس منعقد کرنے سے قاصر ہے تو اسے چاہئے کہ اپوزیشن کو اجازت دے تاکہ غیر مقامی ورکرس کی مدد ہوسکے۔ ہنمنت رائو نے این جی اوز کی جانب سے غذاء کی تقسیم پر پابندی کو افسوسناک قرار دیا۔
