نیویارک 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یہ عجیب اتفاق ہے کہ برصغیر کے دو ملکوں ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے طیاروں میں خرابی پیدا ہوگئی۔ امریکہ جاتے وقت وزیراعظم مودی کے طیارہ میں خرابی آئی تھی اور اب اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد امریکہ سے واپس ہوتے وقت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے طیارہ میں خرابی آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سفر کے لئے دیئے گئے طیارہ میں اُس وقت خرابی نوٹ کی گئی جب عمران خان امریکہ سے واپس ہورہے تھے۔ عمران خان اور ان کے ساتھ وفد کو نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ فضاء میں ہی طیارہ میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔ جب یہ طیارہ اُڑان بھر رہا تھا ٹورنٹو کے قریب طیارہ میں فنی نقص پایا گیا جس کی نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی جہاں سے عمران خان کمرشیل فلائٹ کے ذریعہ پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔
