عدالت کا غیرملکی امدادی ادائیگیو ں کی معطلی کیخلاف حکم امتناع خارج

   

واشنگٹن، 14 اگست (یو این آئی) امریکہ کی وفاقی اپیل کورٹ نے اس حکم امتناع کو ختم کر دیا، جس کے تحت امریکی محکمہ خارجہ کو غیر ملکی امداد کی ادائیگیاں جاری رکھنے کا پابند بنایا گیا تھا، عدالتی فیصلے کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے ۔عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ آف کولمبیا سرکٹ کی امریکی اپیل کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 2-1 کی اکثریت سے دیے گئے فیصلے میں کہا کہ ماتحت عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو کانگریس کی طرف سے پہلے سے منظور شدہ غیر ملکی امداد کی ادائیگیاں بحال کرنے کا حکم دے کر غلطی کی تھی۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے 20 جنوری کو دوسری مدت کے لیے وائٹ ہاؤس میں بطور صدر حلف اٹھانے کے بعد تمام غیر ملکی امداد پر 90 دن کی عارضی پابندی عائد کر دی تھی، ان کے ایگزیکٹو آرڈر کے بعد امریکی غیر ملکی امداد کے مرکزی ادارے یو ایس ایڈکو کمزور کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ، جن میں بیشتر عملے کو چھٹی پر بھیجنا اور اس آزاد ادارے کو محکمہ خارجہ کے ماتحت کرنے کے امکانات پر غور شامل تھا۔دو غیر منافع بخش تنظیموں، ایڈز ویکسین ایڈووکیسی کولیشن اور جرنلزم ڈیولپمنٹ نیٹ ورک، جو وفاقی فنڈنگ حاصل کرتی ہیں، نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا کہ ٹرمپ کا امداد معطل کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے ۔امریکی ڈسٹرکٹ جج امیر علی، جو سابق صدر جو بائیڈن کے نامزد کردہ ہیں، نے ٹرمپ انتظامیہ کو دنیا بھر میں اپنے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کو تقریباً 2 ارب ڈالر کی بقایا امداد ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

یوکرین نے سرکاری عمارت پر حملہ کیا:گورنر
ماسکو، 14 اگست (یواین آئی) علاقائی گورنر ویاچسلاو گلادکوف نے کہا کہ جمعرات کی صبح روس کے بیلگوروڈ علاقے میں ایک یوکرین کے ڈرون نے ایک سرکاری عمارت پر حملہ کیا۔گلڈکوف نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حملہ ہوا تو وہ قریب سے چل رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کو معمولی نقصان پہنچا ہے ۔