عدت کیس: عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلیں مسترد

,

   

اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔دوسری طرف تحریک انصاف نے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عمر ایوب نے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو سیاسی رنگ دیا گیا اور سزا معطل نہیں ہوئی، ہم اس کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں رواں سال تین فروری کو عام انتخابات سے چار روز قبل سات، سات سال قید کی سزا ہوئی تھی جسے انہوں نے چیلنج کیا تھا۔جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے عدالت کا یہ فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اس وقت صرف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔سینیئر سول جج قدرت اللہ نے رواں سال فروری میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا دورانِ عدت نکاح غیر شرعی قرار دیا تھا۔ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سات، سات سال قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔