بغداد ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں امریکہ اور برطانیہ کی فوج کے لیے قائم تاجی فوجی اڈے پر راکٹ حملے کے نتیجے میں تین اہکار ہلاک اور کم از کم 12 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔امریکی فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں ایک امریکی فوجی، ایک امریکی کنٹراکٹر اور ایک برطانوی فوجی ہلاک ہوا ہے۔ تاہم ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے نام ابھی تک جاری نہیں کیے گئے ہیں۔واضح رہے رواں برس جنوری میں امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے میں ایران کے سینئر کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے خطے میں صورتحال کشیدہ ہے۔ 8 جنوری کو ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈے الاسد پر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 100 سے زائد امریکی فوجی ذہنی تناؤ میں مبتلا ہو گئے تھے۔ تاہم اس واقع کے بعد سے ایران اور امریکہ کی جانب سے مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہوا۔عراق اور شام میں امریکہ کے زیر قیادت اتحاد کے ایک بیان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فوجی اڈے پر 18 راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس میں اتحادی فوج کے 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔
