عراق کے پارلیمانی انتخابات میں اقوام متحدہ کا بھرپور تعاون

   

بغداد۔ 3 نومبر (آئی اے این ایس) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے عراق محمد الحسن نے کہا ہے کہ تنظیم 11 نومبر کو ہونے والے عراق کے پارلیمانی انتخابات میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ یہ بات عراقی وزارتِ خارجہ** کے جاری کردہ ایک بیان میں کہی گئی۔ عراقی وزیرِ خارجہ فواد حسین سے ملاقات کے دوران محمد الحسن نے اقوام متحدہ کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عراق کے انتخابی عمل میں تعاون جاری رکھے گی اور ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گی۔ ملاقات میں عراقی انتخابات کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیرِ خارجہ فواد حسین نے کہا کہ حکومت شفاف اور منصفانہ انتخابات کروانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوام کی اصل خواہشات کی عکاسی ہو۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی تکنیکی معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عراق اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پرگفتگو کی تاکہ استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انتخابات میں دوکروڑ دس لاکھ سے زائد اہل عراقی ووٹرز حصہ لیں گے، جو 329 رکنی پارلیمان کے اراکین کا انتخاب چار سالہ مدت کے لیے کریں گے۔ دوسری جانب عراقی وزیرِاعظم محمد شیاع السودانی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کی حکومت عراقی آزاد اعلیٰ انتخابی کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ شفاف، منصفانہ اور معتبر انتخابات کروائے جا سکیں جو عوامی امنگوں کے مطابق ہوں۔ یاد رہے کہ عراق میں آخری پارلیمانی انتخابات2021 میں ہوئے تھے، جن کے بعد بغداد میں پرتشدد جھڑپیں ہوئیں اور تقریباً ایک سال کی سیاسی کشمکش کے بعد نئی حکومت تشکیل پائی تھی۔