عرب اجلاس فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے میںناکام:حماس

   

جنگ جتنی لمبی ہوگی، غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں اتنے زیادہ دھنس جائینگے

بیروت: حماس کے رہنما اور ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا ہیکہ غزہ میں اسرائیلی فوج کو ایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنیکی بھاری قیمت چکانی پڑرہی ہے۔ جنگ جتنی لمبی ہوگی غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں اتنے ہی زیادہ دھنس جائیں گے۔ایک بیان میں اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ غزہ کے بپٹسٹ ہاسپٹل کے جرم پر جوابدہ ٹھہرانے میں ناکامی پر اسرائیل کو مزید ہاسپٹلس میں قتل عام کی شہہ مل گئی ہے ۔ اقوام متحدہ نے غزہ میں اپنے اسکول پر اسرائیلی بمباری میں کئی فلسطینیوں کی شہادت کا اعتراف کیا۔اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ ریاض سربراہی اجلاس میں فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے مؤثر فیصلوں کا فقدان تھا تاہم غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قبضے سے الشفا ہاسپٹل میں نومولودوں کی جان کو خطرہ ہے، ہاسپٹلس کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو القسام بریگیڈ کے ہاتھوں جواب ملیگا۔ اسرائیلی فوج کا ناقابل تسخیر ہونے کا تصور 7 اکتوبر کی کارروائی کے بعد تباہ ہوچکا ہے۔ لاکھوں فلسطینی اب بھی غزہ میں موجود ہیں جو ثابت قدم ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج کوایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔خیال رہیکہ غزہ میں37 روز سے اسرائیل کی بربریت جاری ہے جس میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 100 سے تجاوز کرگئی۔فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی جارحیت سے 11 ہزار سے زائد شہید افراد میں 8 ہزار سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں۔اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک زخمیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ الشفا ہاسپٹل کامپلکس سے صحافی نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اسرائیلی ٹینک ہاسپٹل کے شمال میں 200 میٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔ ہاسپٹل کے اطراف شدید فائرنگ ہو رہی ہے۔ ہاسپٹل کی صورتحال مسلسل ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ صحافی نے بتایا کہ ہاسپٹل میں 4 روز سے 70 سے زیادہ میتیں رکھی ہوئی ہیں جن کی تدفین کرنا ہے۔ ہاسپٹل کی عمارت میں ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی ہے۔