حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگسٹ ( سیاست نیوز ) سرزمین دکن کے بزرگ صوفی قاضی حضرت سید شاہ افضل بیابانی رفاعی القادریؒ قاضی پیٹ کے عرس شریف کا آغاز 26 صفر المظفر 1446 ھ یکم ستمبر 2024 بروز اتوار رات 12 بجے رسم صندل مالی سے ہوگا۔ بروز پیر 27 صفر المظفر 1446ھ 2 ستمبر 2024 کو محفل چراغاں و محفل سماع منعقد ہوگا ۔ 28 صفر المظفر 1446 ھ3 ستمبر بروز منگل محفل بداوارفاعی الفقرا ضربات سے اپنے کرامات پیش کریں گے ۔ بروز چہارشنبہ 3 روزہ عرس شریف کا اختتام عمل میں آئیگا ۔ اس سلسلہ میں حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ شریف قاضی پیٹ و ریاستی صدرنشین حج کمیٹی تلنگانہ نے نمائندہ سیاست شاہنواز بیگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ عظیم الشان پیمانہ پر عرس شریف منایا جارہا ہے جس میں دور دراز سے مریدین ، عقیدت مند و دانشور کی کثیر تعداد میں شرکت متوقع ہے ۔ ان کی سہولیات کیلئے بارگاہ شریف کے اطراف و اکناف صاف صفائی کا کام بڑے زور و شور کے ساتھ کیا جارہا ہے ۔ بارگاہ شریف کے حدود میں زائرین کیلئے خصوصی لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ تناول طعام کا خاص خیال رکھا جارہا ہے ۔ اس عرس شریف میں سیاسی قائدین و مقامی سرکاری عہدیداروں باالخصوص کلکٹر و کمشنرس شرکت کریں گے ۔ عہدیدار اپنے اپنے محکمہ کی جانب سے عرس شریف کے انتظامات میں حصہ لیتے ہوئے اپنا فرض نبھارہے ہیں ۔ عرس شریف کے پیش نظر ورنگل پولیس کمشنر عنبرکشور جھا کی جانب سے پولیس کے اہلکاروں کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔