اجمیر۔25فروری(سیاست ڈاٹ کام)راجستھان میں اجمیر کے صوفی خواجہ معین الدین حسن چشتی ؒ کے 808 ویں سالانہ عرس کی مذہبی رسومات عالمی شہرت یافتہ درگاہ شریف میں آج رات سے شروع ہونے کے ساتھ ہی عرس کا رسمی آغاز ہوا۔یکم رجب سے 6 رجب تک چلے گا۔6رجب یعنی 2 مارچ کو قل کی رسم کے ساتھ عرس اختتام پذیر ہوگا۔گزشتہ شب رجب کا چاند دکھائی نہ دینے کی وجہ سے آج بعد نماز مغرب عرس کی رسمیں ادا کی گئیں۔شب میں شادیانے بجا کر اور پیر صاحب کی پہاڑی سے گولہ داغ کر عرس کا آغاز ہوا۔شب میں ہی سجادہ نشین زین العابدین کی صدارت میں پہلا غسل دئے جانے کے ساتھ ہی درگاہ میں واقع تاریخی محفل خانہ میں قوالی کی محفل منعقد کی جائے گی۔یہ سلسلہ بدستور 6 روز تک چلے گا۔چاند نہ نکلنے پر رات بند کیا گیا جنتی دروازہ آج صبح 4:30 پر زائرین کے لئے کھول دیا گیا۔رسم کے مطابق عقیدت مندوں نے آستانہ شریف میں چادر چڑھا نا شروع کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کل چادر کا نذرانہ پیش کرنے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی اجمیر آرہے ہیں۔دوسری طرف ضلع انتظامیہ پاکستانی زائرین کی متوقع آمد کو لے کرچوکنا ہو گیا ہے ۔ساتھ ہی ساتھ پولیس کا خفیہ عملہ بھی حرکت میں آگیا ہے ۔توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانی زائرین کی آمد 29 فروری کو ہو گی۔