عرس سے عین قبل اجمیر درگاہ کے قریب بلڈوزر کاروائی

,

   

دکانداروں اور مقامی افراد کی شدید مخالفت‘بھاری تعداد میںپولیس تعینات

جئے پور : راجستھان کے اجمیر میں خواجہ غریب نوازؒ کے 813 ویں عرس سے قبل میونسپل کارپوریشن نے درگاہ کے قریبی علاقہ میں تجاوزات اور غیر مجاز قبضوںکو ہٹانے کیلئے بلڈوزر کاروائی کی۔ جمعرات کی صبح کارپوریشن کی ٹیم نے اندرکوٹ، ادھائی دن کا جھوپڑا، دہلی گیٹ سمیت کئی مقامات پر کارروائی کی۔ اس موقع پر بھاری پولیس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی سڑکوں اور نالوں پر سے تجاوزات ہٹانے کیلئے کی گئی تاکہ عرس کے دوران آنے جانے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔اجمیر درگاہ کے قریب کی گئی بلڈوزر کاروائی کی دکانداروں اور مقامی لوگوں نے سخت مخالفت کی اور شدید احتجاج کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران پولیس اور مقامی لوگوں میں ٹکراؤ بھی ہوا۔ اجمیر درگاہ کے قریب بلڈوزر کاروائی کی شدید مخالفت سے صورتحال کشیدہ ہوگئی تاہم اس دوران بلڈوزرکاروائی میںکئی تعمیرات کو مسمار کردیا گیا۔دہلی گیٹ اور ڈھائی ادھا دین جھونپڑی کے قریب بھی بلڈوزر کاروائی کی گئی اور کئی غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ احتجاج کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ علاقہ میں اب بھی پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے۔