عصمت ریزی و قتل کے خلاف کولکتہ میں احتجاج

   

خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے طلبا تنظیموں کا مطالبہ
کولکتہ 2 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) مغربی بنگال کی یونیورسٹیز کے طلبا کی جانب سے حیدرآباد میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ اور ملک بھر میں عصمت ریزی کے معاملات کے خلاف کولکتہ میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے ۔ احتجاجیوں میں بیشتر کا تعلق طلبا تنظیموں سے تھا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں خواتین کیلئے سکیوریٹی میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ پریسیڈنسی یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبا نے دوسرے اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کے ساتھ یونیورسٹی کیمپس سے ایسپلانڈے تک ریلی بھی نکالی اور عوامی مقامات پر خواتین کی حفاظت کیلئے اقدامات کے فقدان پر پلے کارڈز دکھائے ۔ حیدرآباد کے قریب خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل نے ملک بھر میں احتجاج کی لہر پیدا کردی ہے ۔ اسی طرح کا ایک واقعہ اترپردیش میںسنبھل میں بھی پیش آیا جہاں ایک 16 سالہ لڑکی کو عصمت ریزی کے بعد اس کے پڑوسی نے زندہ جلادیا تھا ۔ احتجاجی طلبا نے کہا کہ شہر میں کئی مقامات پر احتجاج ہوا ہے اور انسانی زنجیر بھی بنائی گئی ۔ احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ حکومت کی جانب سے عوامی مقامات پر خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔