عصمت ریزی کا ملزم پراجول 6 جون تک پولیس تحویل میں

,

   

جرمنی سے واپسی پر بنگلورو ائرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ۔ خاتون عملہ نے حراست میں لیا
بنگلورو : جنتادل ایس کے معطل شدہ لیڈر و عصمت ریزی کے ملزم رکن پارلیمنٹ پراجول ریونا کو آج صبح بنگلورو ائرپورٹ سے جرمنی سے واپسی پر گرفتار کرلیا گیا اور اسے 6 جون تک پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ پراجول کو جرمنی سے واپسی پر بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ائرپورٹ سے رات دیر گئے ( 12.45 بجے ) گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ خاتون پولیس اہلکاروں کی تین رکنی ٹیم نے اسے حرات میں لیا ۔ پراجول کو گرفتاری کے بعد شہر کے ایک دواخانہ کو لیجایا گیا تاکہ معمول کے معائنے کئے جاسکیں جس کے بعد اسے ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پولیس نے 14 دن کی پولیس تحویل کی درخواست کی تھی ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ انہیں جس موبائیل فون کی جانچ کرنے کیلئے وقت درکار ہے تاکہ اس سے فارنسک جائزہ کیلئے آواز کے نمونے روانہ کئے جاسکیں۔ اس کے علاوہ ائرپورٹ پر جو سامان پراجول سے ضبط کیا گیا ہے اس کی بھی جانچ کی جاسکے ۔ اس کے علاوہ ہاسن میں پراجول کے گھر سے جو سامان ضبط ہوا تھا اس کی بھی جانچ کرنی ہے ۔ پراجول کے وکلاء نے تحویل کے دورانیہ پر اعتراض کیا اور کہا کہ ایک دن کی تحویل کافی ہے ۔ جمعرات کو ایک خصوصی عدالت نے پراجول کی پیشگی ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا تھا ۔ پراجول نے خواتین کے جنسی استحصال اور عصمت ریزی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ہاسن لوک سبھا حلقہ میں رائے دہی کی تکمیل کے بعد جرمنی فرار ہوگیا تھا ۔ چونکہ وہ پارلیمنٹ کا رکن ہے اس لئے وہ سفارتی پاسپورٹ پر جرمنی فرار ہوگیا تھا ۔ پرجول ریونا کو سیکس اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے ایک ماہ بعد حراست میں لیا گیا ہے ۔ جیسے ہی وہ یہاں پہنچا، اسے سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (CISF) نے اپنی تحویل میں لے لیا اور بعد میں SIT کے حوالے کر دیا۔ پرجول کو بحفاظت تھانے لے جانے ایئرپورٹ پر پولیس کی بڑی جمیعت متعین کی گئی تھی ۔ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے پرجول ریونا نے 26 اپریل کو اپنے حلقے میں پولنگ ختم ہونے کے فوراً بعد ملک چھوڑ دیا تھا۔ اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد سے ریونا سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے ۔ تاہم 27 مئی کو اس نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے کہا تھا کہ وہ 31 مئی کو ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگا ۔