عصمت ریزی کے بعد خاتون ڈاکٹر کا قتل دل دہلا دینے والا ہے : پرینکا

   

نئی دہلی: کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ کولکتہ کے میڈیکل کالج میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل ایک انتہائی سنگین اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے اور ایسے مجرموں کو سخت سزا ملنی چاہئے ۔کانگریس کی جنرل سکریٹری نے آر جی کر میڈیکل کالج، کولکتہ میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ کام کی جگہ پر خواتین کی حفاظت ملک میں ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔پرینکا نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہیکہ وہ اس معاملے میں فوری اور سخت ترین کارروائی کرکے متاثرہ کے خاندان اور ساتھی ڈاکٹروں کو انصاف دلائے۔ قابل ذکر ہیکہ کولکتہ کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی کرکے اس کا قتل کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ڈاکٹروں میں شدید غم و غصہ ہے اور آج ملک بھر میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے اس کے خلاف ہڑتال کی ہے ۔