علیم ڈار کا سب سے زیادہ ونڈے میچوں میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ

   

لاہور:پاکستان کے امپائر علیم ڈار نے سب سے زیادہ ونڈے میچوں میں امپائرنگ کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔ 52 سالہ علیم ڈار نے اتوار کو پاکستان اور زمبابوے کے میچ میں 210 ویں مرتبہ بطور ونڈے امپائر خدمات انجام دیں جس کیساتھ ہی وہ زیادہ ونڈے میچوں میں امپائرنگ کرنے کا سابق جنوبی آفریقی امپائر روڈی کرٹزن کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے جنہوں نے 1992ء سے 2010 ء کے دوران 209 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے تھے ۔مجموعی طور پر علیم ڈار نے 387بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کی ہے جو دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل علیم ڈار نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا ۔ اس سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر کے پاس تھا جنہوں نے 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ۔ٹی ٹوئنٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں ۔