وقف بورڈ میں بدعنوانیاں و رشوت خوری، رات دیر گئے تک سرگرمیاں
حیدرآباد۔31۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ سے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے علاوہ رشوت کے خاتمہ کے علاوہ حج ہاؤز کی عمارت کو محفوظ بنانے کے لئے فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ناگزیر ہے کیونکہ حج ہاؤز کی عمارت میں موجود بعض دفاتر کے ملازمین و عہدیدار تعطیلات کے علاوہ رات دیر گئے تک حج ہاؤز کی بالائی منزلوں پر موجود رہتے ہیں اور جوسیکیوریٹی عملہ انہیں روکنے کی کوشش کرتا ہے اسے یہ باور کروانے کی کوشش کر تے ہیں کہ وہ اسی دفتر کے ملازمین ہیں اور اپنے دفتر میں کام کاج کے سلسلہ میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں وقف بورڈ کے مختلف سیکشن میں موجود ملازمین کی بدعنوانیوں کی شکایات عام ہوتی جا رہی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ روایتی انداز میں وقف بورڈ کے ملازمین نے جو تباہ کن صورتحال پیدا کررکھی ہے اس کی دو وجوہات ہیں جن میں سی سی ٹی وی کی نگرانی نہ ہونے کے علاوہ مستقل چیف ایکزیکیٹوآفیسر کی دفتر میں عدم موجودگی ہے لیکن عہدیداروںکا کہناہے کہ اگر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں حالات کو کچھ حد تک بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ حج ہاؤز کی عمارت اور اس سے متصل کھلی اراضی کے علاوہ زیر تعمیر ڈھانچہ میں جاری غیر اخلاقی سرگرمیوں کی متعدد مرتبہ شکایات موصول ہوچکی ہیں اور مسلسل کئی برسوں سے یہ شکایات موصول ہورہی ہیں لیکن اس کے باوجود عہدیدارو ںکی جانب سے اس پر توجہ نہ دیئے جانے کے سبب زیر تعمیر ڈھانچہ بھی غیر اخلاقی سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل ہونے لگا ہے جبکہ حج ہاؤز کی باؤنڈری وال پر شراب نوشی کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سابق میں منظر عام پرآچکی ہیں ۔ وقف بورڈ کی کارکردگی اور حج ہاؤز کے صیانتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ بورڈ کے مختلف شعبوں کو رشوت سے پاک بنانے کے علاوہ ملازمین کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جاسکتی ہے ۔