وزیر اقلیتی بہبود ایشور کا اقلیتی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : وزیر اقلیتی بہبود ، ایس سی اینڈ بی سیز تلنگانہ مسٹر کے ایشور نے آج سکریٹریٹ میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹی فینانس کارپوریشن کے علاوہ جناب اے کے خاں مشیر اقلیتی امور حکومت ، سکریٹری اقلیتی بہبود بی مہیش دت ایکا ، آئی سی ایم ڈی مینارٹیز فینانس کارپوریشن ، چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ جناب محمد سلیم ، چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی جناب رحیم الدین انصاری ، سی ای او وقف بورڈ عبدالحمید نے شرکت کی ۔ اس اجلاس میں اقلیتوں سے متعلق مختلف امور جیسے اقلیتوں کے التواء کا شکار مسائل سبسیڈی قرضہ جات ، ای ٹریننگ پروگرامس کے علاوہ ویکر سیکشن میں سلائی مشینوں کی تقسیم پر غور و خوض کیا گیا ۔ اس کے علاوہ وقف اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کرنے والوں کے خلاف کریمنل مقدمات درج کرنے کے علاوہ وقف اراضیات کے تحفظ کے لیے تحصیلدار کے ذریعہ اراضیات کی نشاندہی اور تحفظ کے لیے پولیس سے حصول مدد کے ساتھ ساتھ محکمہ اقلیتی بہبود میں انچارج اسٹاف کی جگہ ریگولر اسٹاف کے تقررات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ 28 جون کو 10-30 بجے دن عمارات حج ہاوز نامپلی میں 67 عدد موٹر گاڑیوں کی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کے ہاتھوں تقسیم کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس اجلاس کے بعد جناب سید اکبر حسین نے بتایا کہ وزیر اقلیتی بہبود اقلیتوں کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات پر عمل آوری کے لیے کافی سنجیدہ ہیں جب کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے مستحق افراد کے گھروں کے دہلیز تک مختص اسکیمات پر عمل آوری کررہے ہیں ۔ جس سے اقلیتوں کو کافی فائدہ ہورہا ہے ۔۔
