دہلی/بہار۔14؍مارچ ( ایجنسیز ) وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے خلیج میں جاری جنگ میں دو ہندوستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ عمان کے سہر شہر میں جمعہ کو ڈرون حملے میں دو ہندوستانی شہری ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ 28 فروری کو شروع ہوئی ایران امریکہ اور اسرائیل جنگ میں ہندوستان کا پہلا جانی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد 150,000 ہندوستانی شہری مغربی ایشیا سے ہندوستان واپس آئے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ عمان میں ایک حملہ ہوا اور اس میں دو ہندوستانی شہری ہلاک ہو گئے۔مہاجن نے کہا کہ حملے میں 11 لوگ زخمی بھی ہوئے جن میں 10 ہندوستانی ہیں۔ ان میں سے پانچ کو علاج کے بعد ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی ہے اور پانچ دیگر مقامی ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں۔
ان میں سے کسی کے بھی شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ہمارا سفارتی مشن متعلقہ کمپنی اور مقامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ہر طرح کی مدد فراہم کر رہا ہے۔ مہلوکین میں سے ایک کی شناخت دیونندن پرساد سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بھاگلپور کے کہل گاؤں بلاک کے رانیبیمیا گاؤں کا رہنے والا تھا۔بھاگلپور کے ایک انجینئر دیونندن پرساد سنگھ کی ایک امریکی آئل ٹینکر پر میزائل حملے میں موت ہو گئی۔ دیونندن ایک امریکی آئل ٹینکر پر تعینات تھا۔ آئل ٹینکر پر مشتمل جہاز عراق سے سنگاپور جا رہا تھا۔