گوہاٹی۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فٹبال ٹیم کے گول کیپر گرپریت سنگھ سندھو نے کہا ہے کہ جمعرات کو یہاں عمان کے خلاف ہونے والے مقابلے میں ٹیم کو یکجا ہوکر بہتر مظاہرہ کرنے کے علاوہ بے خوف طرز رسائی بھی اختیار کرنی ہوگی ۔ ہندوستانی فٹبال ٹیم کل یہاں فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلہ کے پہلے مقابلہ میں عمان کے خلاف بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے عمان کے خلاف فیفا سے مسلمہ کسی بھی میچ میں تاحال کبھی کامیابی حاصل نہیں کی ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ارجن ایوارڈ یافتہ گرپریت نے کہا کہ ہم یہ مقابلہ کامیابی کیلئے کھیل رہے ہیں اور اگر ہم اپنی صلایتوں کے مطابق مظاہرہ کریں تو امید ہے کہ کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں بحیثیت ٹیم اور بے خوف طرز رسائی اختیار کرنا اہم ہوگا تبھی بہتر نتیجہ حاصل ہوسکتا ہے ۔ آخری مرتبہ ہندوستان اور عمان کے درمیان 2018 ء ابوظہبی میں دوستانہ مقابلہ ہوا تھا اور اس مقابلہ میں دونوں ہی ٹیمیں گول بنانے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی ۔