عمان : خلیجی ملک سلطنت عمان کی فضائی کمپنی ‘عمان ایئر’ نے ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ ایران کے شیراز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر لینڈنگ کے دوران طیارے کو “نامعلوم پراسرار” شے سے نقصان پہنچا جس کی وجہ سے شیراز سے مسقط جانے والی واپسی کی پرواز میں تاخیر ہوئی۔کمپنی نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ “مسقط سے شیراز جانے والے طیارے کو لینڈنگ کے وقت نامعلوم چیز کے ٹکرانے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے بعد عمان ایئر کی پرواز کو روک دیا گیا تھا۔ کمپنی کی انجینیرنگ ٹیم نے طیارے کی مسقط واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے۔”عرب ورلڈ نیوز ایجنسی کو بتایا نے عمان ایئر کے حوالے سے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظرطیارے کو زمین پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عمان ایئر کی پرواز کے ٹیک آف میں تاخیر ہوئی”۔ کمپنی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نیپالی کوہ پیما نے27ویں مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کی
کھٹمنڈو : نیپالی کوہ پیما کامی ریتا شرپا نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ 27 ویں مرتبہ سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق کوہ پیمائی مہم کے منتظم منگما شرپا نے بتایا کہ کامی شرپا ویت نام سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما کی رہنمائی کرتے ہوئے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے زیادہ سر کرنے کا اعزاز سال 2018 سے 53 سالہ کامی شرپا کے پاس ہے جب انہوں نے 22 ویں مرتبہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کی تھی۔ ’ایورسٹ مین‘ کہلائے جانے والے کامی ریتا شرپا گزشتہ بیس سالوں سے مہم جوئی کے دوران کوہ پیماؤں کے گائیڈ کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور سال 1994 میں انہوں نے پہلی مرتبہ 8 ہزار 849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔تب سے وہ تقریباً ہر سال دنیا کے بلند ترین مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔کامی ریتا نے گزشتہ ماہ اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ریکارڈ قائم کرنے کے مقصد سے چوٹی سر نہیں کی بلکہ گائیڈ کے طور کام کرتے ہوئے ریکارڈ بن گیا۔‘