عمر خالد خراسانی افغانستان میں بم دھماکے میں ہلاک

   

پشاور: کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)سے منسلک اہم کمانڈر عبدالولی مہمند المعروف عمر خالد خراسانی افغانستان میں ایک بم دھماکے میں اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغانستان کے سرحدی صوبے خوست سے ملحقہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے سینئر صحافی حاجی مجتبیٰ اور چارسدہ سے ملحقہ ضلع مہمند کے سینئر صحافی حیران مہمند نے بھی عمر خالد خراسانی کے تین ساتھیوں سمیت بم دھماکے میں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔وائس آف امریکہ کے پشتو ریڈیو ڈیوہ اور ریویو مشال نے بھی اپنے ذرائع سے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔تاہم کالعدم ٹی ٹی پی نے اب تک اس واقعہ کے بارے میں کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا۔شمالی وزیرستان کے مرکزی انتظامی شہر میران شاہ سے تعلق رکھنے والے صحافی حاجی مجتبیٰ نے وائس آف امریکہ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں عمر خالد خراسانی ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں میں سے ایک کی شناخت مفتی حسن اور حافظ دولت کے ناموں سے ہوئی ہے۔ہلاک ہونے والے چوتھے شخص سے متعلق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ڈرائیور تھا۔