اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کی قیادت والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف پارلیمنٹ (قومی اسمبلی) میں جمعہ کو تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد اقتدار سے بے دخل ہونے کا خطرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے ۔اس درمیان اتحادی بھی وزیراعظم کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ایسے میں حکومت قائم رکھنے کے لیے پی ٹی آئی ہر طرح کی مشقیں کرنے پر مجبور ہے ۔ پارٹی ناراض اتحادی شراکت داروں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ پارلیمنٹ میں اکثریت کے لیے درکار اعداد و شمار ان کے حق میں قائم رہے ۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے ۔ اس سلسلہ میں عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق مختلف تجاویز پر غور و خوص کیا گیا ۔ عمران خان کو یقین ہے کہ اتحادی ان کے ساتھ ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے ۔