اسلام آباد : پاکستان کی قومی اسمبلی کا مسائل میں گھرے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سلسلہ میں اہم سیشن جمعہ کو قرارداد کی پیشی کے بغیر ملتوی کردیا گیا جبکہ اپوزیشن کے قانون ساز پرشور احتجاج کرتے رہ گئے۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سیشن کو 28 مارچ تک ملتوی کیا جاتا ہے جس کا سبب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خیال زماں کا انتقال ہے۔ پاکستان کے پارلیمانی روایتوں کے مطابق سیشن کا پہلا روز دعا اور خراج تک محدود ہوتا ہے۔
ووٹ کیلئے مذہب کا استعمال نہیں کرتا: عمران خان
اسلام آباد کی منڈی میں لوگوں کا ضمیر خریدنے 20تا 25 کروڑ کا آفر
اسلام آباد : پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا ہیکہ ووٹ لینے یا لوگوں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے مذہب کو استعمال نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے مجھ سے وہ کام لیا جو کسی اور سے نہیں لیا۔جمعہ کو مانسہرہ میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں منڈی لگی ہوئی ہے جہاں لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے 20 تا 25 کروڑ کا آفر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ایم این اے صالح محمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ووٹ بیچنے کیلئے 20 تا 25 کروڑ کی پیشکش کی گئی تھی۔صالح محمد کے سامنے بھی دو راستے تھے۔ ایک تو یہ کہ پیسے لیں اور کہیں کہ میرا ضمیر جاگ گیا ہے۔ اور دوسرا مشکل راستہ ہے جو انسان کی عزمت کا راستہ ہے۔