عمران خاں پر قاتلانہ حملہ ‘دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگیں

,

   

لانگ مارچ کے دوران حملہ میں ایک شخص ہلاک‘ حملہ آورگرفتار
اسلام آباد: پاکستان کے گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعظم عمران پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور وہ گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق استقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشدنے کہا ہے کہ عمران خان کو دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگی ہیں۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان پر فائرنگ کرنے والے دو حملہ آور تھے۔ فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور کینٹینر پر موجود قائدین بھی گھبرا گئے۔ مبینہ حملہ آور نے کہا ہے کہ میرا ٹارگٹ صرف عمران خان تھا اور کسی کو نہیں مارنا چاہتا تھا۔ میرے پیچھے کوئی نہیں تنہا عمران خان کو مارنے کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق اللہ والا چوک پر فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔امریکہ اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے عمران خان پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔