کراچی ۔3 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے بلے باز عمر اکمل ایک نئے تنازعہ کا حصہ بن گئے ہیں اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹسٹ کے دوران عملے سے بدتمیزی پر ان پر طویل مدت کے لیے پابندی لگائے جانے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔عمر اکمل متعدد مرتبہ اسکینڈلز کی وجہ سے میڈیا کی زینت بنے رہے ہیں اوراب ایک مرتبہ پھر وہ نئے اسکینڈل کا شکار ہو گئے ہیں تاہم اس مرتبہ خراب رویے کے باعث عمر اکمل کا کیریئر بھی داؤ پر لگ گیا ہے۔یاد رہے کہ عمر اکمل اور ان کے بھائی کو فٹنس ٹسٹ کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں طلب کیا گیا تھا جہاں انہوں نے عملے سے بدتمیزی کی۔ رپورٹس کے مطابق ٹسٹ کے دوران عمر اکمل آپے سے باہر ہوگئے اور عملے سے بدتمیزی کی جس کے بعد ان کی اگلے ڈومیسٹک ٹورنمنٹ میں شرکت پر پابندی لگنے کا خدشہ ہے۔ ایک عرصے سے ٹیم میں جگہ بنانے کے خواہش مند عمر اکمل کے بڑے بھائی کامران اکمل بھی مشکل میں پڑ سکتے ہیں کیونکہ دونوں ہی بھائی فٹنس ٹسٹ میں بری طرح ناکام رہے۔ صرف یہ دونوں بھائی ہی نہیں بلکہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ بھی پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیے جا سکتے ہیں۔سلمان بٹ نے مصروفیت کے سبب فٹنس ٹسٹ کسی اور تاریخ کو لینے کی درخواست کی تھی لیکن پی سی بی حکام کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے پر وہ غصے میں اکیڈمی سے باہر نکل گئے اور اس پر ان کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔اکمل برادران خصوصاً عمر اکمل کی کارکردگی سے بڑھ کر ان کی خراب فٹنس اور ڈسپلن کے مسائل ایک عرصے سے موضوع بحث رہے ہیں اور وہ اکثر اسی سبب منفی وجوہات کے تناظر میں میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیں۔