دبئی: افغانستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار عظمت اللہ عمرزئی نے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی ونڈے آل راؤنڈر درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ صرف 25 سال کی عمر میں عمرزئی نے اپنے ہی ساتھی، تجربہ کار محمد نبی کو پیچھے چھوڑ کر نمبرایک آل راؤنڈر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، جو ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں تیز رفتار ترقی کو ظاہرکرتا ہے۔ چمپئنز ٹرافی میں عمرزئی کی آل راؤنڈ کارکردگی شاندار رہی، جس میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا پانچ وکٹوں کا کارنامہ سرانجام دیا اور آسٹریلیا کے خلاف ایک اہم نصف سنچری اسکورکی۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت وہ296 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بلند ترین مقام پر پہنچ گئے۔ آل راؤنڈر رینکنگ کے علاوہ وہ بیٹنگ درجہ بندی میں بھی 12 درجے ترقی کرتے ہوئے 24ویں نمبر پر پہنچ گئے، انہوں نے ٹورنمنٹ میں مجموعی طور پر 126 رنز بنائے۔ ہندوستان کے اکشر پٹیل بھی آل راؤنڈر زمرے میں نمایاں ترقی کرتے ہوئے17 درجے اوپر آکر 13ویں مقام پر پہنچ گئے، انہوں نے کیریئرکی بہترین 194 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ ہندوستانی اوپنر شبھمن گِل بدستور ونڈے بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ایک مقام پر قابض ہیں، جبکہ ان کے ساتھی ویراٹ کوہلی چمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ تازہ ترین آئی سی سی رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں بھی بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔ افغانستان کے ابراہیم زدران، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف لاہور میں شاندار177 رنزکی اننگز کھیلی، 13 درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی بار ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے اور اب 676 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 10ویں نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے تجربہ کاربیٹرکین ولیمسن بھی 8 درجے ترقی کرتے ہوئے 29ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بولنگ کے شعبے میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری کو چمپئنز ٹرافی میں متاثر کن کارکردگی کا صلہ ملا، وہ تین درجے ترقی کے بعد 649 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر پہنچ گئے۔ ان سے آگے صرف سری لنکا کے ماہیش تھیکشنا اور جنوبی افریقہ کے کیشَو مہاراج ہیں۔ ہندوستان کے فاسٹ بولر محمد سمیع نے بھی اپنی شاندار واپسی جاری رکھی اور تین درجے ترقی کرتے ہوئے11ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن (9 درجے ترقی کے بعد 18ویں نمبر پر) اور انگلینڈ کے جوفرا آرچر (13 درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر) بھی نمایاں بہتری لانے میں کامیاب رہے۔