نئی دہلی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے جمعہ کو سوال کیاکہ جموں و کشمیر کے دو سابق چیف منسٹروں عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے خلاف کس بنیاد پر قانون عوامی تحفظ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کہاکہ یہ دونوں غیر معینہ مدت تک حراست میں رکھے جانے کے نہیں بلکہ فی الفور رہائی کے مستحق ہیں۔ پرینکا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ جموں و کشمیر کے ان دونوں قائدین نے ہمیشہ ہی قانون پر عمل کیا اور جمہوری عمل کی پابندی کی۔ اُنھوں نے تشدد، تقسیم و انتشار کا راستہ کبھی نہیں اپنایا۔ اُنھوں نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ ’یہ دونوں کسی بنیاد کے بغیر غیر معینہ مدت تک حراست میں رکھے جانے کے نہیں بلکہ رہائی کے مستحق ہیں‘۔ ان دونوں قائدین کے خلاف جمعرات کو سخت ترین قانون پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
