ریاض، 11 جولائی (یو این آئی)سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے مملکت آنے والے عمرہ زائرین کو اہم ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما میں خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے تاکہ بہتر طریقے سے زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزارا جاسکے ۔وزارت حج وعمرہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ضیوف الرحمن کی صحت اولین ترجیح ہے جس کیلئے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ صحت رہنما ضوابط پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ان دنوں موسم شدید گرم ہے جس میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں جن کے تحت زائرین دوپہر کے وقت براہ راست دھوپ کی تپش سے خود کومحفوظ رکھیں، اس کیلیے بہتر ہے کہ اپنی رہائش سے باہر جاتے وقت چھتری کو استعمال میں لائیں۔صحت رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جسم کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھنے کیلئے مقررہ مقدار میں پانی کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی سطح متاثر نہ ہو۔