ریاض: سعودی وزارت عمرہ و حج نے عمرہ کی خلاف ورزی کرنے والی زائد از 300 عمرہ کمپنیوں پر 600 ملین سعودی ریال کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ان کمپنیوں کی طرف سے عمرہ کیلئے آنے والے معتمرین مقررہ وقت پر سعودی عرب سے اپنے ملکوں کو واپس جانے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کمپنیوں کے بعض مالکین نے کہا کہ وزارت عمرہ کی نوٹس ملنے کے بعد پاسپورٹ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ میں چھان بین کی گئی تاکہ جو لوگ واپس ہونے میں ناکام رہے ہیں، ان کا جرمانہ ادا کرسکے۔ مقررہ وقت سے زیادہ ٹھہرنے والے معتمرین کی کثیر تعداد کا پتہ چلا ہے۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد یہ لوگ سعودی عرب میں ہی مقیم رہے۔ 300 کمپنیوں کے مالکین نے تجویز رکھی ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے ایک اڈھاک کمیٹی قائم کی جائے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ اپنے کاروبار میں مالیاتی نقصان کے پیش نظر اس سال کے اوائل سے ہی عمرہ کی خدمات کو روک دیا گیا۔ گزشتہ فروری میں سعودی عرب نے تاحکم ثانی عمرہ ویزے معطل کردیئے تھے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔