عوام تک رسائی کیلئے پرینکا کا گنگا ندی سے سفر

   

حکومتوں کے نظرانداز کردہ عوام تک موٹر بوٹ سے رسائی کا فیصلہ
لکھنؤ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے اترپردیش کے دارالحکومت میں کامیاب روڈ شو کے ذریعہ سرگرم سیاسی کیرئیر کے آغاز کے بعد اب ایسا محسوس ہوتا ہے اس ریاست کے ووٹروں تک رسائی کے لئے نئے راستے کھوج رہی ہیں اور ان کا نیا راستہ ندی ہوگی۔ کانگریس کے ترجمان دیویندر ترپاٹھی نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس رتبہ کی حامل کوئی کلیدی لیڈر موٹر بوٹ میں سوار ہوکر رائے دہندوں تک پہونچیں گی۔ اس موقع پر وہ (پرینکا گاندھی) دریائے گنگا کے دونوں کناروں کے دور دراز کے علاقوں میں رہنے بسنے والے عوام سے ربط پیدا کرتے ہوئے حالات زندگی سے واقفیت حاصل کریں گی‘۔ انھوں نے کہاکہ پرینکا گاندھی دریائی راستہ کے ذریعہ مشرقی اترپردیش کے سیاسی طور پر حساس علاقوں پریاگ راج اور وراناسی سے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ کانگریس کے ایک اور ترجمان انشو ترپاٹھی نے کہاکہ ان علاقوں میں رہنے والے عوام گزشتہ 30 برسوں سے حکومت کی طرف سے نظرانداز کئے جاتے رہے ہیں۔ کانگریس کی قیادت نے حکومتوں کے نظرانداز شدہ عوام کے بشمول سماج کے تمام طبقات تک رسائی کی مخلصانہ کوشش کی ہے۔