عوام تک ویکسین کی رسائی کیلئے چند ہفتے درکار

   

حکومت جلد وضاحت کریگی، عوام اندیشوں کا شکار نہ ہوں
حیدرآباد۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ خانگی ہاسپٹل کے انتظامیہ اپنے اسٹاف کو آئندہ چند ہفتوں میں کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے ویکسین کی خوراک کب دستیاب رہے گی اس کی وضاحت آئندہ چند دنوں میں حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی ٹیکہ اندازی کیلئے CO-WIN ایپ پر رجسٹریشن کے آغاز کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی شعبہ کے اداروں میں 1213 ٹیکہ اندازی سنٹرس کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ خانگی ہاسپٹلس میں 139 سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ویکسین کی مزید خوراک حاصل ہونے کے بعد خانگی ہاسپٹلس میں ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے ٹیکہ اندازی کے مراکز میں اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو کورونا سے بچاؤ کی خوراک دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے بارے میں عوام کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مختلف گوشوں سے جن اندیشوں کا اظہار کیا جارہا ہے وہ سائنسی طور پر قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو ترجیحات مقرر کی گئی ہیں اس کے مطابق ٹیکہ اندازی کا عمل جاری رہے گا۔