عوام سے راست رابطے کیلئے ترنمول کانگریس کی ہیلپ لائین اور ویب سائٹ کا اجرا

   

کولکتہ۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے دو شنبہ کو عوام تک رسائی اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنی پارٹی کے لیے ایک ہیلپ لائین نمبر اور ایک ویب سائٹ جاری کیا۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی کے رہنما اور کارندے ساری ریاست کے عوام سے رابطہ قائم کریں گے، ان کے ساتھ وقت گزاریں گے اور ان کی شکایات سنیں گے۔ ترنمول کانگریس کے ارکان مقننہ اور اس کے سینئر عہدیداروں کے اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’لوگ ہیلپ لائین کے ذریعہ ہم سے راست رابطہ میں رہیں گے اور انہیں درپیش مسائل سے ہم کو واقف کروائیں گے۔ ہم ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ آئندہ 100 دنوں میں 1000 سے زائد پارٹی قائدین اور ورکر ریاست کے 10 ہزار گائوں میں عوام سے ملاقات کریںگے اور مقامی لوگوں کے ساتھ کچھ دن بسر کریں گے۔ مغربی بنگال اسمبلی کے انتخابات 2021ء میں ہوں گے۔