عوام نے کجریوال کو کامیاب کرکے ہندوستان کو بچالیا:سنجے سنگھ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔11 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) عآپ قائد سنجے سنگھ نے منگل کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کی عوام نے بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ملک کو بچالیا۔ بی جے پی نے اروند کجریوال کو ایک دہشت گرد کہا تھا ۔ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ہم ابتداء سے ہی یہ کہتے آئے ہیں کہ دہلی الیکشن عام آدمی پارٹی کی جانب سے کئے گئے مختلف فلاحی کاموں کی بنیاد پر لڑیں جائیں گے لہذا اب میں دہلی کے عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انھوں نے بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ ہندوستان کو دہلی کی عوام نے بچالیا ہے ۔ بی جے پی کے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود دہلی کے بیٹے ( کجریوال) کو جیت حاصل ہوئی ۔ دہلی کی دو کروڑ عوام نے جو فیصلہ دیا ہے اس نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ کجریوال دہشت گرد نہیں ہے بلکہ ایک مسیحا قوم پرست ہے اور عآپ کو شاندار کامیابی دلوانے پر وہ (سنجے) دہلی کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ بی جے پی ایم پی پرویش ورما نے کجریوال کو دہشت گرد کہا تھا ۔ دہلی کی تمام 70 حلقہ رائے دہی کیلئے ووٹوں کی گنتی کے پورے شہر میں 21 مراکز قائم کئے گئے تھے ۔