ریاض ۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں بلدیہ کی جانب سے کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید پیش رفت کرتے ہوئے عہدیداروں کو خصوصی ہیلمٹس فراہم کیے گئے ہیں جو لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مقای ویب نیوز نے مشرقی علاقے کی بلدیہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ علاقے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عہدیداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ خصوصی ہیلمٹ فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے 5 میٹر کی دوری سے کسی بھی شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جا سکتا ہے۔بلدیہ نے کہا ہے کہ اسمارٹ ہیلمٹ کے ذریعے ایک منٹ میں 200 افراد کا درجہ حرارت معلوم کیا جا سکتا ہے۔ بلدیہ نے ہیلمٹ بردار یونٹس کو مختلف مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں تعینات کیا ہے جہاں لوگوں کی آمدرفت زیادہ ہوتی ہے۔