عوام کو بلارکاوٹ پینے کے پانی کی سربراہی کے اقدامات

   

سڑکوں کے تعمیری کام وقت پر مکمل کرنے نلگنڈہ پریس کانفرنس ہال میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی ہدایت

نلگنڈہ ۔26 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلسِ بلدیہ کے حدود میں پینے کے پانی اور سڑکوں کے کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ریاستی وزیر عمارت و شوارع سنیماٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی وہ آج نلگنڈہ بلدی حدود میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کاموں کو مقررہ مدت کے اندر ہر حال میں مکمل کئے جائیں۔ میونسپل کانفرنس ہال میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزیر نے میونسپل اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عہدیداروں کے ساتھ پینے کے پانی، سڑکوں، سیوریج، صفائی ستھرائی اور دیگر کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ امرت اسکیم کے تحت تقریباً 56 کروڑ 75 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر پینے کے پانی کے ٹینکوں کا کام اس سال ڈسمبر تک مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بلا رکاوٹ پینے کا پانی سربراہ کیا جا سکے۔ اگرمزید فنڈز کی ضرورت ہو تو فوری تجاویز حکومت کو روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایف فنڈ کے 109 کروڑ روپئے سے شروع کردہ سی سی سڑکوں اور گٹروں کے کام اندرون تین ماہ مکمل کئے جائیں۔ فنڈز ناکافی ہوں تو فوری اطلاع دیں اور ضرورت پڑنے پر دن رات کام کرکے عوام کو سہولت فراہم کریں۔ وزیر نے اعلان کیا کہ وہ ہر منگل ان ترقیاتی کاموں کا بذاتِ خود جائزہ لیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکم دیا کہ چندنا پلی بایو مائننگ ڈمپنگ یارڈ کو جلد از جلد صاف کیا جائے۔مزید برآں وزیر نے کہا کہ نلگنڈہ میونسپلٹی کے تمام گھروں سے گیلا اور خشک کچرا الگ الگ اکٹھا کیا جائے۔ ہر مکان کے مالک اور کرایہ دار کو دو الگ الگ ڈبے فراہم کئے جائیں ان پر گھر کا نمبر درج کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر مزید ڈبے خریدے جائیں۔اس اجلاس میں لوکل باڈیز کے انچارج ایڈیشنل کلکٹر نارائن امیت، میونسپل کمشنر سید مصائب احمد پبلک ہیلتھ سپرنٹنڈنٹ وینکٹیشورلو ایگزیکٹیو انجینئر رامولو ڈی ای ایس کارتک، اشوک سریدھر ریڈی اے ای ایس دلیپ، پروین، عاصم بابا، اے سی پی کرشنا وینی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔