فوڈ کانکلیو کا افتتاح، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کی تقریر
حیدرآباد۔ 18 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کو کمشنر فوڈ سیفٹی اور گلوبل الائینس فار امپروڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام فوڈ فورٹیفیکیشن کانکلیو کا حیدرآباد میں انعقاد عمل میں آیا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے افتتاح کیا ۔ اس پروگرام کا مقصد غذاؤں کو صحت بخش بنانے سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔ ڈاکٹر کے شنکر ڈائرکٹر فوڈ سیفٹی تلنگانہ ، ٹی وجئے کمار ڈپٹی فوڈ کنٹرولر فوڈ سیفٹی ، موہن مینجنگ ٹرسٹی KHPT اور مس اوشا رانی ڈائرکٹر جے ایس ایس نے پروگرام میں شرکت کی ۔ مختلف غذائی اشیاء تیار کرنے والے اداروں کے 90 سے زائد مندوبین نے شرکت کی ۔ ونود کمار نے تقریر میں کہا کہ تلنگانہ حکومت عوام کی صحت اور تغذیہ بخش غذاؤں کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے کمشنر فوڈ سیفٹی نے مختلف اداروں کے تعاون سے پروگرام منعقد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذاؤں کو ملاوٹ سے بچانے کیلئے خوردنی تیل اور دودھ تیار کرنے والے اداروں کو تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تیار کیا جانے والا 67 فیصد تیل خالص پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت اپنی ذمہ داری تصور کرتی ہے ۔ ونود کمار نے اس موقع پر دس مختلف صنعتوں کو تہنیت پیش کی ۔