عوام کو مشتعل کرنے والے پروپگنڈہ کے خلاف سخت انتباہ

   

برقراری امن کیلئے مذہبی مقامات پر سی سی کیمرے نصب کرنے ضلع ایس پی کی خواہش

سنگاریڈی۔ 26؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پریتوش پنکج ایس پی ضلع سنگاریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ ضلع امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مذہبی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔ منادر، مساجد، گرجا گھر اور دیگر مذہبی و مقدس مقامات پر کم از کم ایک ماہ کی ریکارڈنگ کی گنجائش کے حامل جدید ترین ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈی وی آر نصب کرنے کی فوری ضرورت ہے اور یہ متعلقہ مذہبی برادریوں کے کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے۔ ایس پی نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں کارآمد ہیں بلکہ ایسے جرائم کو حل کرنے میں بھی معاون ہیں جو پہلے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اسی وقت ممکن ہے جب عوام ایک دوسرے کی مذہبی روایات کا احترام کریں، اور ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی پولیس سے تعاون کیا جائے۔ رواداری سب سے بہترین عمل ہے۔ حقائق جانے بغیر عوامی جذبات کو مشتعل کرنے اور امن کو خراب کرنے کے لیے جھوٹا پروپگنڈہ کرنے والوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کہ جب کبھی ایسے واقعات پیش آئیں جن سے امن و امان کے مسائل پیدا ہوں تو وہ فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع دیں لیکن کوئی بھی شخص قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اشتعال انگیز تبصرے کرنے یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔