کلکٹریٹ کریم نگر میں صحافتی اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
کریم نگر۔/27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کریم نگر میں کورونا وائرس کا اثر و سنجیدہ حالات کے پیش نظر 14 اپریل تک عوام کو گھروں تک محدود رہنے کی ضلع کلکٹر کریم نگرششانک نے اپیل کی۔کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں صحافتی اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انڈونیشیا کے وفد کو کورونا مثبت پایا گیا یہ اشخاص حیدرآباد گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں ، فی الحال ان کی صحت ٹھیک ہے۔ ان اشخاص کے ساتھ گھومنے والے افراد کی نشاندہی کی گئی ، انہیں سرکاری ہاسپٹل کریمنگر اور چلمیڈا ہاسپٹل میں قرنطینہ Quarentine کیا گیا۔ ریڈ زون کے علاقہ کے 3718 گھروندوں Families کو ترکاری اور دودھ دستیاب کیا جارہا ہے۔ سوپر مارکٹ میں اشیائے ضروریات کی آن لائن کے ذریعہ فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شہر کی عوام کے تحفظ کی ذمہ داری کارپوریٹروں ، پولیس ، میونسپل عملہ کی ہے ایسے نازک وقت میں عوام کی حوصلہ افزائی کریں۔ کریم نگر میں حالات کے پیش نظر بغیر کسی ٹھوس وجہ عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ضلع کلکٹر نے اپیل کی۔ انہوں نے عوام کو دکانوں ، ترکاری مارکٹ میں ہجوم کی شکل میں موجودگی پر سخت اقدامات کا انتباہ دیا۔ ایک دوسرے سے ایک میٹر کی دوری بنائیں رکھیں۔انہوں نے مزید کہاکہ عوام کی آسانی کیلئے مارکٹ میں ایک میٹر کی دوری کیلئے مارکنگ کی جائیگی۔ ترکاری کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر سخت اقدامات کئے جائینگے۔ انہوں نے بیرون ممالک سے لوٹے افراد سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے پاسپورٹ متعلقہ تحصیلدار کے حوالے کرتے ہوئے رسید حاصل کریں ، اور کہاکہ وائرس کیاثرات میں کمی کے بعد پاسپورٹ لوٹادیاجائیگا۔ آؤٹ سورسینگ ، ای جی ایس ملازمین کو جی او ایم ایس نمبر 45 کے بموجب تنخواہ ادا کی جائیگی۔ سرکاری ملازمین کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنے اور دفتر کو بہ آسانی رسائی کیلئے بندوبست عملہ کو کارڈ دکھلانے کی ہدایت دی۔ حاملہ خواتین و ہیلتھ ایمرجنسی کی صورت میں عملہ پولیس مددگار ہوگی۔ انہوں نے عوام کو لاک ڈاؤن کیلئے تعاون کرنے کی ہدایت دی اور قوانین و ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کا انتباہ دیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر شیام پرساد لال ، مونسپل کمشنر کرانتی ، ضلع عہدیداربرائے صحت و طبابت ڈاکٹر سجاتاو دیگر نے شرکت کی۔