ماسک اور سماجی دوری پر عمل کیا جائے، ہر ضلع میں کورونا علاج کی سہولت
حیدرآباد: وزیر فینانس ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے سلسلہ میں کوئی لاپرواہی نہ کریں اور لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ لاک ڈاؤن نہ ہونے کے باوجود انتہائی ضرورت کی صورت میں مکانات سے باہر نکلیں ورنہ خود کو مکانات تک محدود رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا سے اموات کی شرح کافی کم ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا پازیٹیو آنے پر عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ احتیاطی تدابیر اور موثر علاج کے ذریعہ وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ کورونا کے خوف سے کارپوریٹ ہاسپٹلس سے رجوع ہوکر بھاری رقومات خرچ کر رہے ہیں۔ انہیں اس طرح نقصان اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کورونا کا علاج ہر جگہ ایک ہی ہے، سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتیں موجود ہیں۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ بہتر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ تقاریب اور عوامی مقامات پر جمع ہونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میڈیکل کالج میں بہت جلد کورونا کے ٹسٹ کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد علاج کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ میں 100 بستروں کے کووڈ۔19 ہاسپٹل کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ہر ضلع میں کورونا کے علاج کے لئے 100 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کے قیام کی ہدایت دی ہے ۔ بعض اضلاع میں یہ ہاسپٹل قائم کیا جاچکا ہے ۔ 20 بستروں پر مشتمل آئی سی یو وارڈ کا بھی ہریش راؤ نے آغاز کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر بیڈ کے ساتھ آکسیجن اور وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ حکومت ہر ہاسپٹل میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کا تقرر کرتے ہوئے بہتر علاج کو یقینی بنائے گی۔
