عوام کی خواہشات اور ضرورت کے مطابق کانگریس کا انتخابی منشور

   

عوام سے تجاویز کی طلبی، انتخابی منشور کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کے لئے تشکیل شدہ کانگریس کی انتخابی منشور کمیٹی کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی کے علاوہ سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، ڈاکٹر ڈی شراون ، شیخ عبداللہ سہیل اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی ۔ بلدی انتخابات کیلئے انتخابی منشور کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی منشور میں شامل کئے جانے والے مسائل پر عوام سے تجاویز حاصل کی جائیں گی ۔ اس سلسلہ میں ای میل اور واٹس اپ نمبر جاری کیا گیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی نے کہا کہ عوام کی خواہشات اور ضرورتوں کے مطابق انتخابی منشور تیار کیا جائے گا ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ایم پی نے زوم کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی اور کمیٹی کو تجاویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جو کچھ بھی ترقی ہوئی ہے، وہ کانگریس دور حکومت کی ہے ۔ گزشتہ 6 برسوں میں ٹی آر ایس نے حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام واٹس اپ نمبر 8639721075 یا ای میل آئی ڈی [email protected] پر اپنی تجاویز اور مشورے روانہ کرسکتے ہیں۔ آئندہ 10 دنوں تک تجاویز کو قبول کیا جائے گا۔ ششی دھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت سیلاب کے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ حقیقی متاثرین کے بجائے ٹی آر ایس کے حامیوں میں رقم تقسیم کی گئی۔ انہوں نے امدادی رقم کی تقسیم میں دھاندلیوں کی تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔