حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش اسمبلی کا اجلاس چہارشنبہ سے شروع ہوچکا ہے ۔ جس میں ریاستی گورنر عبدالنذیر نے دونوں ایوانوں سے خطاب کیا ۔ جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہر فیصلہ عوامی فلاح و بہبود کے نقطہ نظر سے کررہی ہے ۔ سوپر سکس اور دیگر ڈی بی ٹی پروگراموں پر 33 ہزار کروڑ روپئے کی لاگت سے عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔ این ٹی آر بھروسہ پنشن سے 63.12 لاکھ افراد مستفید ہورہے ہیں ۔ گورنر نے انکشاف کیا کہ ’ تلی کی وندنم ‘ اسکیم کے ذریعے 66 لاکھ سے زائد طلباء مالی امداد حاصل کررہے ہیں ۔ خواتین کو ’ استری سگتی ‘ اسکیم کے ذریعے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت حاصل ہورہی ہے ۔ 46.86 لاکھ کسان 20 ہزار روپئے کے لحاظ سے ’ اناداتا سکھی بھوا ‘ اسکیم کے ذریعے استفادہ حاصل کررہے ہیں ۔ دیپم 20 اسکیم کے ذریعے 1.08 کروڑ غریب خاندانوں کو ہر سال 3 گیس سیلنڈر مفت فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حکومت نے میگا ڈی ایس سی کے ذریعے 15,941 اور 5757 کی بھرتی کی گئی ۔ گورنر نے کہا کہ ہینڈلوم اور پاور لوم پر منحصر خاندانوں کو 200 تا 500 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ گورنر نے مزید کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے تقسیم کے بعد برسر اقتدار آنے والی حکومت کی طرف سے کی گئی ترقی کو تباہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نظام کمزور ہونے سے ترقی کو تباہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات بڑھ گئیں ۔ گورنر نے کہا کہ آرٹیکل A22 کا غلط استعمال کیا گیا ۔ جس کی وجہ سے بجلی ، آبپاشی اور سڑکوں جیسے شعبوں میں ترقی رک گئی ہے ۔ عبدالنذیر نے کہا کہ 2024 میں ریاست میں اتحادی حکومت اقتدار پر آنے کے بعد چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ، ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کی قیادت میں حکومت کا نظم و نسق ٹھیک چل رہا ہے ۔ جس کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کا بھی بہترین تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ حکومت نے اصلاحی اقدامات ، پالیسیوں اور نظام کی بحالی جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سات وائٹ پیپرز جاری کر کے شفاف طرز حکمرانی پر عمل پیرا ہے ۔ حکومت سورن آندھرا 2047 کے ہدف کے ساتھ حکومت کررہی ہے ۔ عبدالنذیر نے کہا کہ حکومت ترقی اور فلاح و بہبود کو متوازن کر کے حکومت کررہی ہے ۔ گورنر نے انکشاف کیا کہ حکومت صفر غربت کے ہدف کے ساتھ حکومت کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیملی بینیفٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہر خاندان کو ضروری فوائد فراہم کئے جارہے ہیں اور بہت جلد فیملی کارڈ بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ حکومت سب کے لیے مکانات فراہم کرنے کے مقصد کے لیے ہاوزنگ اسکیم نافذ کررہی ہے ۔ گورنر نے واضح کیا کہ وقف املاک کے تحفظ کے لیے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست آئی ٹی اور کوانٹم کمپیوٹرنگ جیسے شعبوں میں بہت زیادہ ترقی کرے گی ۔ مستقبل میں حکومت روزگار ، ملازمت میں اضافے کے لیے کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ پالیسی کے ذریعے ریاست میں ہر شخص کو آروگیہ بیمہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ ریاست فی الحال 2.5 لاکھ کے لحاظ سے آروگیہ بیمہ فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔۔ ش