کمزور طبقات کے تحفظات خطرہ میں، نریندر مودی کو ہنمنت راؤ کا مکتوب
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو ملک کی معیشت کیلئے خطرناک ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ عوامی شعبہ کے ادارے اور یونیورسٹیز کو خانگیانے سے کمزور اور پسماندہ طبقات تحفظات سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کے مطابق کمزور طبقات کو تحفظات فراہم کئے گئے ہیں ایسے میں سرکاری اداروں کو خانگیانے کے فیصلہ سے تحفظات میں ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے مرکز سے سوال کیا کہ وہ خانگیانے کے عمل کے ذریعہ تحفظات کی پالیسی پر کس طرح عمل آوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن گذشتہ چھ برسوں میں وعدہ پر عمل نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کے عوامی اثاثہ جات کو مرکزی حکومت مخصوص صنعتی گھرانوں کو فروخت کررہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے خانگیانے کا عمل روکنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں اڈانی اور امبانی کو کئی اثاثہ جات حوالے کئے گئے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ انڈین ایر لائنس، ایل آئی سی کو خانگیانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ دونوں ریاستوں کیلئے نئے پراجکٹس کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں تحفظات کی برقراری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔