تلنگانہ کو الاٹ کردہ عہدیداروں کی جشنودیو ورما سے ملاقات کی
حیدرآباد : 4 جون (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے 2024ء آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں سے ملاقات کی جنہیں اسسٹنٹ کلکٹرس کے طور پر تلنگانہ کو الاٹ کیا گیا ہے۔ گورنر نے زیر تربیت عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ عوام سے رابطے کو مضبوط بنائیں اور عوامی مسائل کی یکسوئی اور حکومت کی اسکیمات کے فوائد کو پہنچانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ عوام سے ملاقات کے لیے اپنے تحت کے علاقوں کا دورہ کریں تاکہ عوامی مسائل اور ان کے خیالات سے واقفیت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس میں عوام تک رسائی اور ان کے خیالات سے واقفیت حاصل کرنا اہمیت کا حامل ہے۔ عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں تخلیق اور ترقی کے بہتر مواقع موجود ہیں جن سے بہتر طور پر استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ گورنر نے ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں کو نظم و نسق کے سلسلہ میں مختلف مشوروں سے نوازا۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر جنرل شانتی کماری آئی اے ایس ریٹائرڈ، کورس ڈائرکٹر ڈاکٹر کے اوشا رانی اس موقع پر موجود تھیں۔ گورنر سے ملاقات کرنے والے ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں میں شورب شرما، شریمتی سالونی چھاورا، ہرش چودھری، شریمتی چنتین ماوی اور کے پرنئے کمار شامل ہیں۔ گورنر کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور نے راج بھون کے رول اور ذمہ داریوں سے واقف کرایا۔ 1