عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو سرکاری دواخانوں میں علاج کی ضرورت

   

Ferty9 Clinic

سرکاری دواخانوں کا اعتماد بڑھانے کا موقع ، خانگی دواخانوں میں بستر کی قلت
حیدرآباد۔سرکاری اسکولوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کے کم از کم ایک بچہ کی سرکاری اسکول میں تعلیم کو لازمی قراردیئے جانے کی ضرورت ہے اسی طرح ریاست کے سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر بنانے اور ان دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے عملہ کی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے لازمی ہے کہ ریاستی حکومت سرکاری ملازمین اور عوامی نمائندوں کے لئے لازمی قرار دیں کہ وہ سرکاری دواخانوں میں علاج کروائیں تاکہ سرکاری دواخانوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوسکے۔ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے سبب مریضوں کو خانگی دواخانوں میں بستر دستیاب نہیں ہورہے ہیں اور سرکاری دواخانوں میں بستروں کی کوئی کمی نہیں ہے حکومت کی جانب سے بار بار یہ بات کہی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود شہریوں کی جانب سے خانگی دواخانو ںمیں بستر حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سرکاری دواخانوں میں علاج کیلئے شریک ہونے سے بہتر گھر میں قرنطینہ یاعلاج و معالجہ کو ترجیح دی جانے لگی ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے خانگی دواخانوں میں بسترخالی نہ ہونے کے سبب لوگ آکسیجن اور دیگر علاج و معالجہ کی سہولت کے لئے پریشان ہیں جبکہ یاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے بار بار ریاست میں موجود سرکاری دواخانو ںمیں بستروںکی موجودگی کا اعلان کیا جا رہا ہے تاہم لوگ سرکاری دواخانوں کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔شہریوں کا یہ کہناہے کہ اگر ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولتیں معیاری اور اچھی ہیں تو کیوں عوامی نمائندے یا سرکاری ملازمین کا علاج سرکاری دواخانہ میں نہیں کیا جا رہاہے اور کیوں اہم شخصیات کو خانگی کارپوریٹ دواخانوں میں شریک کرواتے ہوئے علاج کروایاجا رہاہے۔کورونا وائرس کے مریض جو سرکاری دواخانوں میں زیر علاج ہیں ان کا کہناہے کہ اگر حکومت سرکاری دواخانوں میں حالات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے تو کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کسی بھی سرکاری ملازم یا عوامی نمائندہ کو خانگی دواخانہ میں علاج کی اجازت نہ دے اور انہیں اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے کورونا وائرس کے لئے مخصوص دواخانہ میں علاج کروائیں کیونکہ ان کی موجودگی دواخانہ کے عملہ کیلئے اور دیگر مریضوںکے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہو اور وہ خود سرکاری دواخانوں کی حقیقی صورتحال سے واقفیت حاصل کرنے کے موقف میں رہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس کے علاج کے انتظامات سے مریضوں میں کوئی خوف نہیں ہے لیکن دواخانہ کے انتظامیہ کو متحرک رکھنے کے علاوہ عام شہریوں کو سرکاری دواخانہ کا رخ کرنے کیلئے آمادہ کرنے کی غرض سے عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو رونا وائرس کی صورت میں ان کا علاج سرکاری دواخانہ میں کیا جائے۔