عودہ کے ذریعہ 12 ہزار غیر ملکی افراد کی وطن واپسی

,

   

ریاض۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد بین الاقوامی سفر پر عائد پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کیلیے شروع کی جانے والی خصوصی خدمات عودہ کے تحت گزشتہ 12 دنوں میں ایک لاکھ 78 ہزار 452 افراد نے خودکو رجسٹرکرایا ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی نے محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے کہا ہے کہ عودہ سے اب تک 12 ہزار798 افراد اپنے ملکوں کوروانہ ہو چکے ہیں جب کہ دیگراپنی باری کے منتظر ہیں۔یاد رہے سعودی عرب سمیت دینا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پر مکمل پابندی عائد تھی اس دوران سعودی حِکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کیلیے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا۔مملکت میں رہنے والے ان غیر ملکیوں کو جو اس دوران اپنے ملک جانے کے خواہشمند ہیں ان کی واپسی کیلیے خصوصی انتظامات کے تحت جوازات نے عودہ ‘ کا راستہ فراہم کیا ہے جس کے تحت اپنے ملک جانے کے خواہشمندوں کو رجسٹرکیا جاتا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے ابشر اکاونٹ پر عودہ کا خصوصی اپشن فراہم کیا ہے جس میں وہ غیر ملکی جن کے پاس فائنل ایگزٹ یا ری انٹری ویزا ہے کے علاوہ وزٹ یا دیگر ویزوں پر آنے والوں کو بھی واپسی کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ جوازات نے کہا ہے کہ عودہ کے ذریعے مختلف ممالک کے شہریوں کو رجسٹرکرنے کے بعد ان ممالک کے سفارتخانوں سے رابطہ کیاجاتا ہے تاکہ وہ اپنے شہریوں کو واپسی کے لیے بین الاقوامی سفر کا بندوبست کریں۔عودہ کے ذریعے سفر کرنیوالوں کو اپنا ٹکٹ اس وقت خریدنا ہوگا جب ان کے ملک سے فلائٹ کا بندوبست کردیا جائے۔ واضح رہے جوازات کی جانب سے عودہ پر اندراج کرانا کا طریقہ انتہائی آسان ہے جس میں سفر کرنے والے کا اقامہ نمبر، تاریخ پیدائش ، موبائل نمبر اور جس شہر سے سفر کرنا اور جہاں جانا ہے کا اندراج کیاجاتا ہے۔