مسلمانوں کو جامعہ نظامیہ کی تلقین
حیدرآباد ۔12۔ مئی(سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نماز عیدالفطر کے بجائے گھروں میں دو رکعت نماز شکرانہ ادا کریں۔ لاک ڈاون کی صورتحال میں اعتکاف اور نماز عیدالفطر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں جامعہ نظامیہ کے صدر مفتی مولانا محمد عظیم الدین نے کہا کہ مرد حضرات ایسی مساجد میں اعتکاف کرسکتے ہیں جہاں پنج وقت نمازوں کی اذان ہوتی ہو اور باجماعت ادا کی جاتی ہوں۔ عورت کے لئے اپنے گھر کی وہ خاص جگہ جہاں نماز ادا کرتی ہیں ، وہیں اعتکاف کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں مساجد میں چند افراد کے قیام پر کوئی امتناع عائد نہیں ہے ، لہذا ہر محلہ کی مسجد میں کوئی ایک فرد بھی اعتکاف کرلیں تو یہ سنت کفایہ کی ادائیگی ہوجائے گی اور ترک سنت کے تمام مسلمان گنہگار نہیں ہوں گے۔ مفتی عظیم الدین نے واضح کردیا کہ مرد حضرات گھر میں اعتکاف نہیں کرسکتے۔ نماز عید کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ نماز عید کا اجتماع شاعر اسلام کا حصہ ہے ۔ اس کی ادائیگی کیلئے جمعہ کے شرائط کا پایا جانا ضروری ہے ۔ شہر میں دو یا اس سے زائد مقامات پر نماز عید کی ادائیگی درست ہوگی اور اس کے لئے بڑا اجتماع درکار ہے۔ فتویٰ میں مزید کہا گیا کہ نماز عید گھر میں ادا نہیں کی جاسکتی کیونکہ گھروں میں بڑا اجتماع ممکن نہیں۔ عید کی نماز کا کوئی بدل نہیں اس لئے شرائط کی پابندی کے ساتھ ممکن ہو تو نماز عید ادا کریں ورنہ نہیں ۔ گھر میں دو رکعت شکرانہ ادا کرلیں۔